اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اسلامی جمہوریہ ایران میں رسول خدا حضرت محمد مصطفی صلی اللہ و علیہ و آلہ وسلم کی رحلت اور امام حسن مجتبی علیہ السلام کی شہادت کے حوالے سے عزاداری کا سلسلہ جاری ہے اور ملک بھر کی مساجد و امام بارگاہوں اور مقامات مقدسہ میں مجالس عزا منعقد کی جا رہی ہیں۔ بعض شہروں میں آج جلوس ہائے عزا بھی برآمد کیے گئے جن میں لاکھوں کی تعداد میں عزاداروں نے شرکت کی۔
حضرت رسول خدا و نواسہ رسول (ع) کی رحلت و شہادت کے سلسلے کا سب سے بڑا اجتماع مشہد المقدس میں بارگاہ حضرت علی ابن موسی الرضا میں منعقد کیا گیا جہاں ایران اور دنیا بھر سے آئے ہوئے زائرین کی کثیر تعداد موجود تھی اور روضہ رضوی کے تمام صحن اور راہداریاں عقیدت مندوں سے چھلک رہی تھیں۔ ارد گرد کی تمام شاہراہوں پر لوگ ماتمی دستوں کی شکل میں نوحہ خوانی اور سینہ زنی کرتے ہوئے بارگاہ رضوی کی جانب گئے اور آپ کو آپ کے جد بزرگوار کا پرسہ دیا۔
قم المقدس میں حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے روضے میں بھی ہزاروں کی تعداد میں ملکی اورغیر ملکی زائرین جمع تھے اور مجالس عزا کا انعقاد کیا گیا۔ قم القدسہ کے بعض علاقوں سے چھوٹے بڑے ماتمی جلوس بھی برآمد کیے گئے جو بارگاہ حضرت معصومہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوئے۔
دارالحکومت تہران میں حضرت عبدالعظیم حسنی اور امامزادہ صالح علیہ السلام کا روضہ زائرین سے بھرا رہا اور علمائے کرام فضائل و مناقب اہلبیت علیھم السلام بیان کرتے رہے۔
تہران کی تمام مساجد و امام بارگاہوں اور اہلبیت علیھم السلام کی برگزیدہ ہستیوں کے روضوں میں مجالس عزا منعقد کی گئیں جن میں لاکھوں کی تعداد میں عزاداروں نے رسول اور آل رسول کی مصیبتوں کو یاد کرکے اشک غم بہائے۔
شیراز میں حضرت احمد ابن موسی شاہ چراغ کے روضے میں مجالس کا سلسلہ جاری رہا اور شہر اور اس کے اطراف سے آنے والے زائرین کی بڑی تعداد نوحہ خوانی اور سینہ زنی کرکے آپ کو آپ کے جد بزرگوار کا پرسہ دیتی رہی۔
جمعرات کی شام سے شروع ہونے والا عزاداری کا یہ سلسلہ امام رضا علیہ السلام کے یوم شہادت تک جاری رہے گا۔ حضرت امام رضا علیہ السلام کا یوم شہادت اتوار تیس صفر کو منایا جائے گا۔
عراق، شام، لبنان، پاکستان ، ہندوستان اور دنیا کے دیگر شہروں میں بھی رسول خدا صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی رحلت اور نواسہ رسول حضرت امام حسن علیہ السلام کے یوم شہادت کی مناسب سے مجالس عزا منعقد کیے جانے کی خبریں موصول ہورہی ہیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲